یونگ جن رینٹل پاور‘ پرویز اشرف کیخلاف نیب عدالت میں نیا ریفرنس
اسلام آباد (وقائع نگار) نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف نیا مقدمہ یونگ جن رینٹل پاور کیس کا ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ راجہ پرویز اشرف سمیت 13 ملزموں کو9 جنوری کے لئے طلبی کے سمن جاری کر دئیے گئے ہیں۔ نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت 13 افسروںکے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں یونگ جن رینٹل پاور ریفرنس جمع کرا دیا۔ نیب ریفرنس کے مطابق ملزم نے اختیارات کے ناجائز استعمال،قوانین کی خلاف ورزی اورغیرقانونی ٹھیکے دینے کے مرتکب پائے گئے ہیں جس سے قومی خزانے کو پچاس کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ عدالت نے راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، ممبرواپڈا فضل خان، ممبر پیپکو عبدالقدیر سمیت 13 ملزموں کی بھی طلبی کے سمن جاری کر دئیے گئے۔احتساب عدالت کے جج نثار بیگ 9 جنوری کو سماعت کریں گے۔ پرویز اشرف کے خلاف پہلے ہی نوڈیرو۔ون ،نوڈیرو-ٹو، ساہووال، پیراں غائب ، گڈو، سمندری اورکارکیرینٹل پاور کیسز کا ٹرائل جاری ہے۔