• news

دہشت گردوں کیخلاف پورمی قوم متحد‘ شہدا کی قربانیاں نہیں بھولیں گے: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن و استحکا م کیلئے مذہبی رواداری، یگانگت اور اتحاد بین المسلمین کے جذبات کا فروغ ضروری ہے۔ فساد برپا کرنے والی منفی قوتوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے عسکری و سیاسی قیادت متحد ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم میں مثالی اتحاد واتفاق پیدا ہوچکا ہے۔ دہشت گرد نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاشرے کے ہر طبقے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پنجاب میں تعلیمی اداروں کے نصاب میں تحمل، برداشت اور راواداری کے عنوانات پر مبنی مضامین متعارف کرائے گئے ہیں۔ انتہا پسندی کے رجحانات کا خاتمہ فروغ تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پنجاب میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرا ر رکھنے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ قانون سازی کے ذریعے فساد پھیلانے والوں سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 16 دسمبر 2014ء کا دن آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم شہداء کا دن ہے اور قوم کے بہادر بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کو آج امن نصیب ہوا ہے۔ آرمی پبلک سکول کے بچوں نے محفوظ اور پرامن پاکستان کیلئے اپنے قیمتی لہو سے جو عظیم تاریخ لکھی ہے اس پر پوری قوم کو فخر ہے اور قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے اور پوری قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا ہے۔ معصوم بچوں کو مارنے والے سفاک درندوں پر پاک دھرتی تنگ کردی گئی ہے اور ان درندوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی جس میں آخری فتح پاکستان کی ہوگی۔ مسلم لیگ ن کے وفد سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے جو گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان کی تقدیر بدلے گی بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔ سی پیک کے تحت پورے پاکستان میںتیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں ۔ عوام ترقی، خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔ انتشار، افراتفری اور دھرنے دینے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں اور یہ سیاسی عناصر صرف ذاتی ایجنڈا کی تکمیل چاہتے ہیں۔ ان سیاسی عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ دھرنا گروپ آج اپنی منفی سیاست کی بنا پر سیاسی میدان میں تنہا کھڑا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن