روزانہ آدھا گھنٹہ کتاب کے مطالعہ سے عمر میں 2 برس اضافہ ہو سکتا ہے: ماہرین
اسلام آباد (اے پی پی) امریکہ کے ماہرین صحت کا کہنا ہے روزانہ مطالعے کی عادت زندگی میں کئی برس کا اضافہ کا سبب بن سکتی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق یلے یونیورسٹی نیو ہیون کے ماہرین کی جانب سے 12سالہ طویل مطالعے میں پچاس سال سے زائد عمر کے تین ہزار افراد کو شامل کیا گیا اور تحقیق سے معلوم ہوا کہ ہفتے میں ساڑھے تین گھنٹے تک کتاب کا مطالعہ کرنے والے افراد میں اس دوران موت کا خطرہ 23 فیصد تک کم ہوگیا۔ لوگوں کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، پہلا گروہ ان افراد پر مشتمل تھا جو مطالعہ نہیں کرتا تھا، دوسرے گروہ میں ہفتے میں ساڑھے 3 گھنٹے تک مطالعہ کرنے والے افراد اور تیسرے گروہ میں اس سے زیادہ وقت تک پڑھنے والے قارئین شامل تھے۔ جن افراد نے ہفتے میں ساڑھے 3 گھنٹے مطالعے میں گزارے وہ کتاب نہ پڑھنے والوں کے مقابلے میں 23 ماہ یعنی 2 سال زیادہ زندہ رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے روزانہ نصف گھنٹہ تک کتاب پڑھنے سے عمرطویل ہو سکتی ہے۔