• news

طیارہ حادثہ‘ جاں بحق ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی واحد وارث 13 سالہ حسینہ گل کو سوا 3 کروڑ ملیں گے‘ رشتہ داروں کی کھینچا تانی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے طیارہ حادثہ میں چترال کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی جاں بحق ہوئے اور گھر کی صرف ایک لڑکی بچ گئی۔ 14 سالہ حسینہ گل کے امتحانات جاری تھے اسلئے وہ خاندان کے ساتھ سفر نہیں کر رہی تھی۔ حادثے کے بعد حسینہ گل نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ پمز میں اس کا علاج جاری ہے۔ حسینہ گل کو خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت پر 3 کروڑ 30 لاکھ روپے معاوضہ ملنا ہے جس پر حسینہ گل کی نگہداشت کیلئے کئی رشتہ دار سامنے آ گئے۔ پھوپھی اور چچا بھی حسینہ گل کو لینے کیلئے پمز ہسپتال پہنچ گئے۔ پھوپھی حسینہ گل کی شادی اپنے بیٹے سے کرانا چاہتی ہے۔ حسینہ گل نے کہا ہے کہ میں ابھی پڑھنا چاہتی ہوں‘ حکومت میری مدد کرے۔ چترال واپس گئی تو مجھے پڑھنے نہیں دیا جائیگا۔ ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی نے کہا ہے کہ لواحقین کو ابتدائی طور پر 5 لاکھ روپے فی کس دئیے جا رہے ہیں۔ چترال کی کمسن لڑکی حسینہ گل جاں بحق افراد کی وارث ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ابھی تک معاوضے کی رقم ادا نہیں کی گئی‘ معاملے کی تحقیقات اور سچ جاننے کیلئے ٹیم چترال بھجوائی جائیگی۔ گائوں کے متعدد خاندان حیسنہ گل کے رشتہ دار ہونے کے دعویدار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن