موٹروے پر لاٹھی چارج :وزیراعلیٰ خیبر پی کے اور 2 وزرا نے وفاقی اور پنجاب حکومت کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے کے وزیر اعلی پرویز خٹک اور 2 صوبائی وزراء نے موٹر وے پر پنجاب پولیس کی جانب سے احتجاجی ریلی پر لاٹھی چارج اور اسلام آباد دھرنے سے روکنے پر وفاق اور پنجاب حکومت کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک، سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی اور وزیرتعلیم محمد عاطف خان کی جانب سے دائر کردہ رٹ میں وفاقی وزارت داخلہ، وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت، ڈائریکٹر این ایچ اے او ریاست کو فریق بنایا گیا ہے، دائر درخواست میں عدالت عالیہ سے وفاق اور پنجاب حکومت اور اٹک کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے یہ اقدامات غیر آئینی، غیر قانونی اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دے کر ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کی استدعا کی گئی ہے۔