چیئرمین ضلع کونسل فیصل آباد کے لئے مسلم لیگ ن نے زاہد نذیر کو ٹکٹ دیدیا
فیصل آباد (احمد جمال نظامی سے) بلدیاتی اداروں کی سربراہی کے لئے پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹوں کے اجراء میں ڈرامائی تبدیلی سامنے آئی ہے جس کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل کے لئے مسلم لیگ (ن) نے اپنے نامزد امیدوار اور مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر میاں قاسم فاروق کی بجائے سابق ضلعی ناظم اور مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چودھری عاصم نذیر کے بھائی زاہد نذیر چودھری کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ میاں قاسم فاروق کے پارٹی قیادت کے روبرو الیکشن نہ لڑنے کے اعلان اور دستبردار ہونے سے ان کا پورا پینل ضلع کونسل کے انتخاب سے آؤٹ ہو گیا ہے۔ جس کے بعد میاں قاسم فاروق کے پورے پینل کی بجائے زاہد نذیر چودھری کے پینل کو مسلم لیگ (ن) کا انتخابی نشان شیر الاٹ کر دیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد سٹی میئر کے لئے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے رانا ثناء اللہ گروپ کے ایم پی اے ملک محمد نواز کے بھائی ملک محمد رزاق کے پینل کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا گیا اور اس طرح سے وہ مسلم لیگ (ن) کا انتخابی نشان شیر الاٹ کروانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ رانا ثناء اللہ گروپ کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چودھری شیرعلی کے مسلم لیگ (ن) ورکرز میئر گروپ کی طرف سے سٹی میئر کے لئے شیراز کاہلوں اور ان کے پینل کو گلدان کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد شہر اور ضلع کونسل کے پینلز نے بلے کا انتخابی نشان حاصل کر لیا۔ اس طرح سے ضلع میں جن تین پینلز نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے وہ میاں قاسم فاروق کی دستبرداری کے بعد دو پینلز کی صورت میں منظر پر باقی رہ گئے ہیں اور اب ضلع میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے صرف دو پینلز میدان میں موجود ہیں جبکہ فیصل آباد شہر میں میونسپل کارپوریشن کے لئے چار پینلز نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو اب تین رہ گئے ہیں۔ فیصل آباد میونسپل کارپوریشن کے لئے مسلم لیگ(ن) کے دو پینلز اور تحریک انصاف کے ایک پینل کے مابین مقابلہ ہو گا۔ مسلم لیگ(ن) کے ضلعی صدر اور مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے میاں قاسم فاروق قبل ازیں مسلم لیگ(ن) کی طرف سے چیئرمین ضلع کونسل نامزد ہوئے تھے جبکہ ان کے پینل میں وائس چیئرمینز کے امیدواروں کے لئے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری افضل ساہی کے صاحبزادے جنید افضل ساہی، ندیم ضیاء اور شہیر داؤد بٹ شامل تھے۔ زاہد نذیر چودھری نے ان کی نامزدگی پر آزاد حیثیت سے چیئرمین ضلع کونسل کے امیدوار کے طور پر میدان میں اتر کر اپنے پینل میں وائس چیئرمینز ضلع کونسل کے لئے خالد پرویز، رانا ذوالفقار اور رائے فیاض کو شامل کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس دوران فیصل آباد چیئرمین ضلع کونسل کے محاذ کو پارٹی ٹکٹ کی بجائے اوپن رکھنے کی تجویز زیرغور آئی اور میاں محمد شہبازشریف نے فیصل آباد ضلع کونسل کے انتخاب کو اوپن رکھنے کی تجویز کی توسیع کی جس پر میاں قاسم فاروق کے والد مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں محمد فاروق نے پارٹی ٹکٹ کی بجائے اوپن انتخاب ہونے پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا۔ ان کی طرف سے دستبرداری پر مسلم لیگ(ن) نے زاہد نذیر چودھری کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ جاری کر دیا۔ جس کے بعد زاہد نذیر پینل نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو پارٹی ٹکٹ جمع کروا کر مسلم لیگ(ن) کا انتخابی نشان شیر الاٹ کروا لیا۔ چیئرمین ضلع کونسل کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار خان بہادر ڈوگر نے اپنے پینل کے وائس چیئرمینز محمد وسیم، ذوالفقار علی اور رانا جاوید اقبال کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ جمع کروا کر بلے کا نشان حاصل کیا۔ جبکہ دوسری طرف سٹی میئر کے لئے ملک محمد رزاق نے اپنے پینل کے ڈپٹی میئرز امین بٹ، شیخ یوسف اور عبدالغفور کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر زاہد بشیر گورایہ کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ جمع کروا کر انتخابی نشان شیر الاٹ کروا لیا۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما چودھری شیرعلی نے ورکرز میئر گروپ کی طرف سے سٹی میئر کے امیدوار شیراز کاہلوں نے پینل کے ڈپٹی میئرز کے امیدواروں شیخ ذوالفقار، میاں رشید اور معین گجر کے ہمراہ انتخابی نشان گلدان حاصل کیا۔ سٹی میئر کے لئے تحریک انصاف کی طرف سے سابق سٹی ناظم ممتاز علی چیمہ نے اپنے پینل کے ڈپٹی میئرز عتیق لکی شاہ، محمد سلیم اور محمد یعقوب کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ جمع کروا کر بلے کا انتخابی نشان حاصل کیا۔ مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے اسلام آباد وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران وزیراعظم زاہد نذیر چودھری کو چیئرمین ضلع کونسل کے لئے پارٹی ٹکٹ نہیں دینا چاہتے تھے اور انہوں نے اعتراض اٹھایا تھا کہ وہ مشرف دور میں بھی وفاداری تبدیل کر کے ضلعی ناظم رہ چکے ہیں۔ اسی طرح وزیراعظم فیصل آباد شہر میں ملک رزاق کی بجائے معاملہ پارٹی ٹکٹ کی بجائے اوپن رکھنا چاہتے تھے لیکن مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت نے وزیراعظم کی طرف سے میاں قاسم فاروق کی نامزدگی کے باوجود زاہد نذیر چودھری کے پینل کو پارٹی ٹکٹ دے دیا اور اسی طرح فیصل آباد سٹی میئر کے لئے ملک رزاق کو قبل ازیں نامزد کیا اور گزشتہ روز پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زاہد نذیر چودھری کو مسلم لیگ(ن) کا پارٹی ٹکٹ دلوانے کے لئے وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خاں نے بھی سفارش کی تھی جبکہ میاں قاسم فاروق کی سفارش ممتاز مسلم لیگی رہنما اور سابق سینیٹر فاروق خاں کر رہے تھے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وزیراعلیٰ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے دوران ایسی رپورٹس بھی زیربحث آئیں کہ میاں قاسم فاروق کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے باوجود مسلم لیگ(ن) چیئرمین ضلع کونسل کا انتخاب ہار سکتی ہے لہٰذا معاملہ اوپن رکھا جائے تاکہ دونوں جماعتی مخالف گروپوں میں سے جو بھی جیتے وہ مسلم لیگ(ن) کا ہو مگر میاں قاسم فاروق خاندان نے معاملہ اوپن ہونے پر اکتفا نہ کیا جس پر زاہد نذیر چودھری گروپ کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ فیصل آباد شہر میں سٹی میئر کے لئے مسلم لیگ(ن) کے دونوں پینل برسرپیکار ہیں اور اپنی اپنی کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ملک محمد رزاق نے پارٹی نشان الاٹ ہونے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیرعلی گروپ مسلسل پارٹی پالیسیوں کی بغاوت کر رہا ہے وہ شیر کا کان اور دم کاٹنے کی بات کرتے رہے، ہم پورے اعضا کے ساتھ شیر کو جتوائیں گے جبکہ دوسری طرف شیرعلی گروپ کے سٹی میئر کے امیدوار شیراز کاہلوں نے کہا کہ ہم اصلی شیر ہیں اور کسی مصنوعی شیر سے ڈرتے نہیں لہٰذا شکست کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ شیر کی جعلی کھال پہننے والوں کو 22دسمبر کو شکست دے کر بے نقاب کر دیں گے۔
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی میاں محمد فاروق نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو اپنا استعفیٰ ارسال کر دیا۔ میاں محمد فاروق کے بیٹے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر میاں قاسم فاروق نے بھی استعفیٰ دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں میاں فاروق ایم این اے کے بیٹے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر میاں قاسم فاروق کو چیئرمین ضلع کونسل کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی نامزدگی کے باوجود گزشتہ روز لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں میاں قاسم فاروق کے بجائے مسلم لیگ ن کے ایم این اے چودھری عاصم نذیر کے بھائی سابق ضلعی ناظم چودھری زاہد نذیر کو چیئرمین ضلع کونسل کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا جس پر میاں محمد فاروق نے پارٹی فیصلے سے دلبرداشتہ ہو کر وزیر اعظم کو اپنا استعفیٰ ارسال کر دیا اور ان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی مسلم لیگ ن کے ساتھ 32سالہ رفاقت تھی لیکن مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت نے پرویز مشرف دور میں ق لیگ کے ضلعی ناظم کو ٹکٹ دے کر ہماری قربانیوں کے ساتھ زیادتی کی ہے جس پر وہ اپنا استعفیٰ ارسال کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں میاں محمد فاروق اور ان کے صاحبزادے میں قاسم فاروق کو ضلع کونسل کا محاذ پارٹی ٹکٹ کے بجائے اوپن رکھنے کا کہتے رہے۔ میاں محمد فاروق نے اجلاس میں کھڑے ہو کر کہا کہ پارٹی قربانیوں کی وجہ سے وہ اور ان کا بیٹا ق لیگ کے بھگوڑوں کے خلاف آزاد امیدوار کی حیثیت سے چیئرمین ضلع کونسل کا انتخاب نہیں لڑیں گے۔ ہم انتخاب سے دستبردار ہوتے ہیں پارٹی زاہد نذیر کو ٹکٹ دینا چاہتی ہے تو دیدے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے زاہد نذیر اور ان کے پینل کو ضلع کونسل کے حکومتی جماعت کا ٹکٹ جاری کر دیا۔ جس کے باعث میاں قاسم فاروق گروپ جسے وزیراعظم نوازشریف نے مسلم لیگ ن کا ضلع کونسل کے لئے پینل نامزد کیا تھا اس میں شامل سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری افضل ساہی جو اس وقت مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ہیں ان کا بیٹا جنید افضل ساہی جو میاں قاسم فاروق کے ساتھ وائس چیئرمین کونسل کا امیدوار تھا وہ بھی میدان سے باہر ہو گیا ہے جس پر ساہی خاندان کی طرف سے بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا تھا۔ میاں فاروق گروپ میں شامل 6 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی گہری تشویش پائی جا رہی تھی جس پر میاں محمد فاروق جو پرویز مشرف دور میں گرفتاریوں کے باوجود میاں محمد نوازشریف کے انتہائی قریبی ساتھی گردانے جاتے تھے انہوں نے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ ن ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء خان کے خلاف بھی میاں قاسم فاروق گروپ کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے اس گروپ کے ارکان کے مطابق صوبائی وزیر قانون کے ایما پر مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت وزیراعظم کی نامزدگی کے باوجود ان کی مخالفت کر رہی ہیں جس سے ایسا سیٹ بیک سامنے آیا ہے۔