دھند: ٹرالی کی ٹکر سے ایلیٹ فورس کا اہلکار جاں بحق، بھائی زخمی
لاہور+ گجرات (آن لائن+ نامہ نگار) پنجاب کے وسطیٰ اور جنوبی علاقوں میں دھند کا سلسلہ برقرار رہا تاہم دھند کم ہونے پر موٹروے کے تمام سیکشنز ٹریفک کے لئے کھل گئے ہیں۔ جبکہ گجرات میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایلیٹ فورس کا اہلکار جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی زخمی ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کی شدت کم ہوئی ہے، لاہور اور گردونواح میں دوسرے دن بھی دھند نہ ہونے کے برابر ہے۔ دھند کی شدت میں کمی کے بعد علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت جاری ہے جبکہ موٹروے کے تمام سیکشنز بھی کھل گئے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا جبکہ پنجاب، خیبر پی کے کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سکردو منفی 09، کالام، استور، ہنزہ، گلگت، گوپس منفی 04، دیر منفی 03، بگروٹ منفی 02، قلات، چترال، کوئٹہ، راولاکوٹ، مالم جبہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نامہ نگار کے مطابق گجرات کے ناگریانوالہ کے رہائشی بھائی عامر قدوس اورکامران موٹرسائیکل پرصبح ڈیوٹی پرجارہے تھے کہ شدید دھندکے باعث ان کی موٹرسائیکل کنجاہ گوندل چوک کے قریب ایک کھڑی ٹریکٹرٹرالی سے جاٹکرائی جس سے عامرقدوس موقع پرہی جاں بحق ہوگیاجبکہ اس کا بھائی کامران عرف کاما شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے بتایا گیا ہے کہ عامر قدوس ایلیٹ فورس کا اہلکار تھا جیکہ کامران کا تعلق پنجاب پولیس سے ہے۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق شمالی علاقوں میں دھند کے باعث پی آئی اے سمیت مختلف ائر لائنوں کی پروازوں کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ بعض کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ ڈیڑھ درجن پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔