شورکوٹ چھاؤنی : پاکستان ایکسپریس کی ٹرک کو ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی
شورکوٹ چھائونی+ لاہور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس شورکوٹ چھاؤنی سٹیشن سے نکلتے ہی پہلے326 ریلوے پھاٹک پہنچتے ہی ٹرین مکئی سے لدے ٹرک سے جا ٹکرائی جبکہ حادثہ پھاٹک نہ ہونے سے پیش آیا۔ ٹرین کی ٹکر سے ٹرک ڈرائیور نذیر احمد شدید زخمی ہو گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثہ سے انجن کو بری طرح نقصان پہنچااور ٹرین کو شورکوٹ چھاؤنی سٹیشن پر تین گھنٹے تک روکا گیاجبکہ متبادل انجن لگاکر ٹرین کو روانہ کیا گیا۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کینٹ کے انچارج ملک ثناء اللہ نفری کے ساتھ فوری جائے حادثہ پر پہنچے ۔حادثہ کی وجہ سے خانیوال فیصل آبادریلوے ٹریک 2گھنٹے ٹریفک کیلئے بند رہا۔ دوسری طرف ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی شخص یا جاں بحق نہیں ہوا۔ حادثے کے ایک گھنٹے کے اندر ٹریفک کو بحال کردیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریلیف انجن بھی روانہ کردیا گیا تھا۔ بلاچوکیدار ریلوے کراسنگز پر جان و مال کے تحفظ کیلئے عوام سے احتیاط کی درخواست ہے۔ مذکورہ حادثہ مکئی سے بھرے ٹرک ڈرائیور کی غلطی نے پیش آیا۔