صوبائی حکومت ہائر ایجوکیشن کی ترقی پر 47ارب روپے خرچ کررہی ہے : رضا علی گیلانی
لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہاہے کہ مختلف شعبوں میں ریسرچ اور تخلیقی جدت کے مربوط کلچر کو پروان چڑھا کر نالج اکنامی کو ترقی دی جا رہی ہے-21ویں صدی میں باعزت قوم کے طو رپر آگے بڑھنے کے لئے ہمیں اپنی جامعات کو ریسرچ سینٹرز کے طو رپر ڈھالنا ہوگاجہاں پر ڈگری کے ساتھ طالبعلم کی تحقیقی صلاحیتوں کو بھی جلاملے۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہو رمیں منعقدہ تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس برائے اوپن سورس سسٹم اینڈ ٹیکنالوجی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کے شعبہ کی ترقی پر رواں مالی سال میں مجموعی طو رپر 47ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں-اس حوالے سے جامعات کو تحقیقی منصوبوں کے لئے بھر پور فنڈز مہیا کئے گئے ہیں تاکہ ہمارے طالب علموں کو ورلڈ کلاس ایجوکیشن ملے۔ قبل ازیں تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹرفضل احمد خالداور ڈائریکٹر الخوارزمی انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز ڈاکٹر وقار محمودسمیت مختلف ماہرین نے خطاب کیا۔