نثار نے پونے چار سال کے دوران 4بار وزیراعظم کو استعفیٰ پیش کیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے موجودہ حکومت کے پونے چار سال کے دوران 4 مرتبہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو استعفیٰ پیش کیا لیکن ہر مرتبہ وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔ چودھری نثار 90 ء کے عشرے میں بھی ’’اصولی اختلاف‘‘ پر وزارت سے مستعفی ہوئے لیکن وزیراعظم نے ان کے استعفیٰ کو مسترد کر کے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے جہاں سانحہ کوئٹہ پر کمشن کی رپورٹ کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا وہاں انہوں نے عمران اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو مناظرے کا چیلنج دے دیا ہے۔ وہ سپریم کورٹ میں خود پیش ہو کر سانحہ کوئٹہ پر رپورٹ کی خامیوں کو بے نقاب کریں گے اور وہ سپریم کورٹ میں وزارت داخلہ کی پونے چار سال کی کارکردگی پیش کرینگے۔نثارنے ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہوئے سانحہ کوئٹہ کے اصل حقائق کو عدالت کے سامنے پیش کرینگے۔ انہوں نے اپوزیشن کی دو جماعتوں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وہ پارلیمنٹ میں بھی کھل کر بات کرینگے۔