شرجیل میمن کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت کا ملزمہ انیتا بلوچ کو اشتہاری قرار دینے کا حکم
کراچی(صباح نیوز)کراچی کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے خلاف ریفرنس میں نامزد مفرور ملزمہ انیتا بلوچ کو اشتہاری قراردینے کی کاروائی کا حکم دے دیا۔ شرجیل میمن کے خلاف ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے مفرور ملزمہ انیتا بلوچ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ انیتا بلوچ کے خلاف اخبار میں اشتہار شائع کرایا جائے گا۔ انیتا بلوچ محکمہ اطلاعات سندھ میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھیں۔ شرجیل میمن سندھ ہائی کورٹ سے 26 دسمبر تک ضمانت پر ہیں جبکہ ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کے مطابق ملزمان پر پانچ ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔ عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 7 جنوری تک ملتوی کردی۔