4 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو ہٹانے کا حکم، پنجاب حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میںپنجاب کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کو عہدے سے ہٹانے کے عدالت عالیہ لاہور کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف حکومت پنجاب کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کو پبلک سیکٹر یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کے سیکشن چودہ کے تحت میرٹ اور قوانین کی بنیاد پر تعینات کیا گیا۔ وائس چانسلرز کی تعیناتی سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مشاورت قانونی تقاضا نہیں۔ وائس چانسلرز کے عہدے کا تعلیم اور ریسرچ سے کوئی واسطہ نہیں بلکہ یہ عہدہ انتظامی نوعیت کاہے۔صوبے کی چاروں جامعات میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈ لائن کے مطابق قوانین اور میرٹ کے تحت تعیناتیاں کی گئیں۔ سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار حتمی فیصلے تک حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ دوسری جانب چار جامعات کے وائس چانسلرز کو تبدیل نہ کرنے پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے خلاف ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب عالمگیر کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے برعکس سینئر پروفیسرز کی سنیارٹی لسٹ کوجونئیرز سے تبدیل کیا جا رہا ہے جو واضح طور پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔