• news

فیصل آباد میئر‘ ڈپٹی میئرز‘ شیر علی‘ رانا ثناء گروپ کیلئے انتخاب اوپن ہوگا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی طرف سے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کیلئے ٹکٹوں کا اجراء گورکھ دھندا بن کر رہ گیا۔ سٹی میئر کے رانا ثناء اللہ گروپ کے ایم پی اے ملک محمد نواز کے بھائی محمد رزاق ملک کو ٹکٹ جاری کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد ان سے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ واپس لے لیا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ریٹرننگ آفیسر کو لیٹر بھی لکھ دیا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق آئندہ ملک محمد رزاق گروپ سے شیر کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائیگا۔ اب مسلم لیگ(ن) کے دونوں دھڑے چوہدری شیر علی اور رانا ثناء اللہ گروپ فیصل آباد سٹی میئر اور ڈپٹی میئرز کیلئے پارٹی ٹکٹ اور نامزدگی کی بجائے اوپن انتخاب میں 22 دسمبر کو حصہ لیں گے جس پر مسلم لیگ(ن) کے حلقوں کا خیال کیا جا رہا ہے جوڑ توڑ کے زاوئیے تبدیل ہونے سے آئندہ مزید سخت کانٹے دار مقابلہ دونوں گروپوں کے درمیان متوقع ہے جبکہ دوسری طرف میاںمحمد فاروق ایم این اے جنہوں نے اپنے بیٹے قاسم فاروق کو چیئرمین ضلع کونسل کا امیدوار نامزد کرنے کے بعد پارٹی ٹکٹ دینے کی بجائے دوسرے گروپ زاہد نذیر کو مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین ضلع کونسل کا ٹکٹ دیدیا تھا انکے مستعفی ہونے کے بعد ذرائع کے مطابق ممتاز مسلم لیگی رہنما فاروق خاں کی رہائشگاہ پر گزشتہ رات ایک اجلاس میں طے پایا آئندہ مزید پانچ ارکان اسمبلی وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ بھیج کر احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ پر بھی شدید تنقید کی گئی۔ ذرائع کے مطابق فاروق خاں کی رہائشگاہ پر ارکان اسمبلی میاں فاروق‘ طلال چودھری‘ شہباز بابر گجر اور رجب علی بلوچ سمیت متعدد پارٹی رہنمائوں نے فیصلہ کیا آئندہ سٹی میئر کے الیکشن میں چودھری شیر علی گروپ کی غیرمشروط حمایت کی جائیگی۔ واضح رہے پہلے میاں فاروق ایم این اے وغیرہ رانا ثنا اللہ گروپ میں شامل تھے۔ گزشتہ روز چیئرمین ضلع کونسل کیلئے پارٹی قیادت کی طرف سے ٹکٹ کی تبدیلی پر رانا ثناء کے مدمقابل آ کھڑے ہوئے ہیں جس کے بعد مسلم لیگ (ن) ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کیلئے رانا ثناء اور شیر علی گروپ میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن