کنٹرول لائن پر سکول وین پر فائرنگ بدترین دہشت گردی ہے: دفاع پاکستان کونسل
لاہور (سپیشل رپورٹر) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج آزاد ومقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا خون بہا رہی ہے۔ کنٹرو ل لائن پر سکول وین پر فائرنگ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بدترین دہشت گردی ہے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے حقیقی وکیل ہونے کا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل رہنما¶ں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، جنرل لیاقت بلوچ، سید ہارون علی گیلانی، مولانا عبدالعزیز علوی، ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی اور حافظ خالد ولید نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ ریاست جموں کشمیر کے لوگ پانچ لاکھ شہداءکا خون پیش کر چکے ہیں۔ بھارتی فوج کشمیر میں معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو شہید کر رہی ہے اور اس ظلم کو چھپانے کیلئے سیز فائر لائن پر فائرنگ کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی تحریک نے ایک نیا منظر اختیار کیاہے۔ انہوںنے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی مدد ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی۔