• news

”فاٹا اصلاحات کے مخالف غدار ہیں“ ایف سی آر کیخلاف قبائلی علاقوں میں زبردست مظاہرے

پشاور (این این آئی) قبائلی علاقوں میں فاٹا سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام ایف سی آر کےخلاف اور فاٹا اصلاحات کے حق میں زبردست مظاہرے کئے گئے۔ شمالی وزیرستان،کرم ایجنسی، باجوڑ، مہمندایجنسی، خیبرایجنسی سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے اور احتجاجی جلسوں کا انعقاد ہوا، قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائل متحد اور ہزاروں کی تعداد میں قبائل یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہیں، فاٹا سیاسی اتحاد کے زیراہتمام گذشتہ روز تمام ایجنسیز ہیڈکوارٹرز سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں قبائلی عوام ایک پلیٹ فارم پر ایف سی آر کے خلاف اور فاٹا اصلاحات کے فوری نفاذ کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، خیبرایجنسی میں ذرنور آفریدی ،اور اقبال آفریدی،باجوڑ ایجنسی میں حاجی سردار نثار محمد، مہمند ایجنسی میں ملک سعید، درہ آدم خیل میں جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری جنرل محمد رفیق ،کرم ایجنسی میں حکمت یار اور دیگر قائدین کی قیادت میں زبردست احتجاجی جلوس نکالے گئے اور مظاہرے کئے گئے، اس موقع پر مقررین نے کہا قبائلی عوام کا سیاست سے بالاتر ہوکر سڑکوں پر نکلنا فاٹا اصلاحات کے حق میں ریفرینڈم ہے۔ زر نورآفریدی نے کہا جو لوگ فاٹا اصلاحات کی مخالفت کرتے ہیں وہ ملک و قوم کے غدار ہیں۔ پاک آرمی فاٹا اصلاحات کے مخالفین کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلائے۔
فاٹا اصلاحات/ مظاہرے

ای پیپر-دی نیشن