شکاگو، جیکسن میں فائرنگ مزید 7 افراد ہلاک، میری لینڈ، 55 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 2ہلاک، 15 زخمی
شکاگو/ جیکسن (صباح نیوز) امریکی شہر شکاگو اور جیکسن میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں مزید 7 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ شکاگو میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بار پھر تیزی آگئی۔ دو روز میں فائرنگ سے اب تک ایک بچے سمیت11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایک روز قبل پانچ افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا گیا تھا جن میں سے مزید 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ امریکی ریاست میسی سپی کے شہر جیکسن میں دکان کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں 55 گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں 55 گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرائیں۔ جائے وقوعہ سے متاثرہ گاڑیاں ہٹائی گئی ہیں۔ امریکہ کی شمالی ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں آگئیں۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو قطب شمالی سے آنے والی سرد ہواﺅں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔
امریکہ ہلاکتیں