ڈی جی خان‘ سی ٹی ڈی سے جھڑپ‘ داعش کے پانچ دہشت گرد ہلاک‘ جمرود دستی بم حملہ‘ بچہ جاں بحق
ڈیرہ غازی خان+جمرود (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی بالا میں سی ٹی ڈی کے ساتھ جھڑپ میں 5 دہشت گردہلاک اورانکے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ جمرود میں ایک شادی کی تقریب پر دستی بم سے حملے میں ایک بچہ جاں بحق اور 14افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی بالا میں رکھ روجھان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پرگرفتاری کیلئے کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے 4 ساتھی فرارہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے تھے جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے تھا جب کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور اہم سرکاری عمارتوں کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ2دہشتگردوں کی شناخت کامران اور تحسین کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں دہشتگرد جمعہ کو پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے تھے۔علاوہ ازیں جمرود کے علاقے غنڈئی میں نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم سے حملے کے نتیجے میں شادی کی تقریب میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 14افراد زخمی ہوئے‘ 4زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کوہاٹ پولیس نے مبینہ دہشت گرد قاری اوید کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق قاری اوید کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ دہشت گرد کے حملے میں 12 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے بعد قاری اوید دبئی روپوش ہوگیا تھا۔ کارروائیوں میں مختلف جرائم میں ملوث 67 افراد بھی گرفتار کرلئے۔ قاری اوید کا نام ریڈ بک میں شامل ہے۔ پشاور سے بیورورپورٹ کے مطابق پشاور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب 26 اشتہاریوں سمیت 550 جرائم پیشہ و مشتبہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ، کارتوس، منشیات اور شراب برآمد ہوئی جبکہ تحفظ مکانات آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے پر 135افراد کو دھرلیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔نیشن رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران مارے حانے والے دہشت گردوں کا تعلق داعش سے ہے۔ صوبائی حکام نے نیشن کو بتایا کہ سی ٹی ڈی نے ایک اطلاع پر ایک گاﺅں میں کارروائی کی جس کے دوران یہ دہشت گرد مارے گئے۔