پاکستان، ایران اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے: ایرانی سفیر
راولپنڈی(وقائع نگا خصوصی)پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے جامع اقدامات کی اشد ضرورت ہے، نجی شعبے کی شرکت اور حکومتی سطح پر مشترکہ کوششوں سے جلد دو طرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافے کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ایران جوائنٹ چیمبر کے زیر اہتمام عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیے میں بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ ، پیٹرن چیف پاک ایران جوائنٹ چیمبرایم این اے اعجاز الحق ،صدر محمد ولی خان، سینئر نائب صدر سہیل لاشاری، نائب صدر خورشید برلاس، سابق سپیکر چودھری جعفر اقبال، شیریں ارشداور مختلف شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ایرانی سفیر نے کہاکہ دونوں ملکوں کی قیادت امن اور ترقی کی خواہاں ہے اور پاکستان ایران جوائنٹ چیمبر کے اشتراک سے پاکستان اور ایران میں دوطرفہ تجارت کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے۔ دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے ساز گار فضاء سے فائدہ اٹھانے کے لئے تاجر آگے آئیں۔ چیمبر کے پیٹرن چیف اعجاز الحق نے کہاکہ پاکستان اور ایران فارماسوٹیکل، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تجارتی فوائد حاصل کر سکتے ہیں، ایران سے بجلی گیس حاصل کرکے پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔ایران میں پاکستا ن کے سفیر آصف درانی نے کہا کہ پاکستانی اور ایرانی قیادت نے ہمیشہ امن اور ترقی کی راہ ہموار کی ہے اور دونوں ملکوں کے تاجروں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان ایران جوائنٹ چیمبر کے صدر ولی محمد خان نے کہاکہ چیمبر دونوں ملکوں کے تاجروں کے لئے سہولیات پیدا کرے گا، اس مقصد کے لئے تہران اور کراچی میں سنگل کنٹری نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیمبر کے نائب صدر محمد خورشید برلاس نے کہاکہ پاکستان اور ایران میں ہر سطح پر ہونے والی باہمی رابطوں سے دونوں ملکوںکے تاجروںکو بہتر مواقع میسر آئیںگے۔