• news

گیس لوڈ شیڈنگ کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ اور پر یشر میںکمی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور خواتین اور بچے بھی سڑکوں پر نکل اور احتجاج اور نعرے بازی کرتے رہے جبکہ مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی نادرن گیس پائپ لائنزامجدلطیف نے کہا ہے کہ قدرتی گیس انتہائی سستی ہونے کے باعث اس کا بے دریغ ضیاع کیا جارہاہے‘ گیس کے ذخائر کم ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں جہاں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوگی وہاں سخت ایکشن لیا جائیگا۔ گزشتہ روز لاہور کے علاقہ جوہر ٹائون‘ سمن آباد اور تاج باغ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کیا گیا۔ شیخوپورہ‘ حافظ آباد‘ گوجرنوالہ، چونیاں سمیت دیگر شہروں میں بھی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ اور پر یشر میں بد تر ین کمی پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ چونیاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ہادی ٹائون، چوک کھاریانوالہ، فاروق اعظم سٹریٹ سمیت دیگر علاقوں میں صورتحال زیادہ خراب ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول ہونا چاہئے۔ سارا دن شہری گیس کا انتظار کرتے رہتے ہیں لیکن گیس یا تو ہوتی نہیں ہے یا اس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ کھانا بنانا تو درکنار چائے کا کپ بھی نہیں بنتا۔

ای پیپر-دی نیشن