• news

بھارتی پولیس نے قومی ترانے کی توہین کا الزام لگا کر ملیالم زبان کے مصنف کو گرفتار کرلیا، آخر میں اپنی حب الوطنی ثابت کیوں کروں‘ تامل سپرسٹار پون کلیان

نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالہ میں پولیس نے ملیالم زبان کے معروف مصنف کمل چواڑہ کو بھارت کے قومی ترانے کی توہین کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ کوزی کوڑے شہر میں بی جے پی کی بغل بچہ تنظیم ’’یووا مورچہ‘‘ نے کمل چواڑہ کے خلاف تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ کمل نے اپنی فیس بک کی ایک پوسٹ میں بھارتی قومی ترانے ’’وندے ماترم‘‘ کا مذاق اڑایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کمل چواڑہ سے تفتیش شروع کردی۔ دوسری طرف تامل فلموں کے سپرسٹار اور سیاسی رہنما پون کلیان نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے سینما گھروں میں فلم دکھانے سے پہلے قومی ترانہ بجنے پر کھڑا ہونا لازمی قرار دینے کے فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے اپنی کئی ٹویٹس میں لکھا کہ ہم اپنی فیملی کے ساتھ تفریح کیلئے سینما گھر فلم دیکھنے جاتے ہیں‘ وہاں قومی ترانہ بجنے پر ہمیں اس کے احترام میں کھڑے ہوکر اپنی حب الوطنی ثابت کرنی پڑتی ہے۔ سینما گھروں کو حب الوطنی کا ٹیسٹنگ گرائونڈ بنا دیا گیا ہے۔ آخر مجھے ایسی حرکتوں سے حب الوطنی ثابت کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن