فلسطینی عوام بے بسی کی تصویر بنے ہوئے سلامتی کونسل مسئلہ حل کرنے میں مدد کرے :بان کی مون
نیو یارک (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے طرفین سے کہا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کا تصفیہ طلب حل تلاش کریں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے سلامتی کونسل میں مسئلہ فلسطین بارے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ بانکی مون نے کہا کہ غزہ ،دریائے اردن اور مشرقی القدس کے علاقے 1967 سے اسرائیلی قبضے میں ہیں لہذا طرفین کو چاہیئے کہ وہ مذاکرات سے کسی نتیجے میں پہنچے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی داغ بیل ڈالیں ، فلسطینی عوام نصف صدی سے مایوسی اور بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اور ان کی نسلیں اسی غیر یقینی صورت حال میں پروان چڑھ رہی ہیں۔ سیکرٹری جنر ل نے کہا کہ مشرقی القدس اور دریائے اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جن سے ان کی اس وقت آبادی 6 لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ طرفین کے درمیان براہ راست مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں مدد کرے۔