عمران‘ ترین کی نااہلی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے بحال سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے بحال کردیں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے نااہلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ عمران خان کی نااہلی کے لئے شاہ نواز ڈھلوں اور ہاشم علی بھٹہ جبکہ جہانگیر ترین کے خلاف ملک خلیل احمد اوربلال مصطفی بھٹہ نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ الیکشن کمشن نے درخواستیں سماعت کے لئے بحال کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد شاہ نواز ڈہلوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیس بحال کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے سماعت بحال کرنے کی مخالفت کی۔ میرا کیس آرٹیکل62 اور 63 پر مبنی ہے۔پی ٹی آئی وکیل شاہد نسیم گوندل نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف درخواست گزاروں نے آج پھرمہلت مانگی ہے سپریم کورٹ میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی وجہ سے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ہے۔دوسرے کیس میں الیکشن کمیشن میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کے خلاف پٹیشن پر بھی سماعت ہوئی۔