توانائی مسئلے پر قابو پا کر حکومت پاکستان آئندہ الیکشن میں کامیابی کی راہ ہموار کر رہی ہے: وال سٹریٹ جرنل
اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز) وال سٹریٹ جرنل نے توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات پر تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پاکر معیشت کا پہیہ تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے، چینی تعاون سے 21ارب ڈالر کے توانائی منصوبے لگائے جارہے ہیں، توانائی مسئلے پر قابو پاکر حکومت آئندہ انتخابات میں کامیابی کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 10توانائی منصوبوں میں 10ہزار چینی کارکن کام کر رہے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے آئندہ 2 سال میں بجلی کی پیداوار 60 فیصد بڑھ جائیگی،گذشتہ 2 دہائیوں میں بجلی کی پیداوار میں یہ بڑا اضافہ ہوگا، وزیراعظم کا اس ماہ جوہری بجلی گھر کا افتتاح متوقع ہے،آئندہ ماہ پائپ لائن کے ذریعے ملک میں مختلف حصوں میں درآمدی گیس پہنچائی جائیگی، 2013ء میں موجودہ حکومت کو شدید توانائی بحران کا سامنا تھا، 2013ء میں توانائی کی قلت سے شرح نمو پر 2 درجے منفی اثر پڑا، وزیراعظم نے انتخابی مہم میں توانائی بحران کے خاتمے کا عوام سے وعدہ کیا تھا، وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں شرح نمو میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومت نے آئندہ دو سال میں جی ڈی پی میں 7فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا ہے، حکومتی اقدامات سے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور بیروزگاری میں کمی آئیگی، نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، وزیراعظم اپنے وعدے کی تکمیل کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔