85 سالہ پنشنرز کو 5 فروری تک بقایاجات دئیے جائیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پچاسی سالہ بزرگ پنشنرز کو پنشن کے بقایا جات دو ماہ میں ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے نور محمد سمیت دیگرپنشنرزکی درخواستوں پر سماعت کی۔ وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ بزرگ پنشنرز کو پنشن ادا کرنیکا فیصلہ دے چکی ہے لیکن پنجاب حکومت فیصلے پرعملدرآمد نہیں کر رہی۔ بزرگ پنشنرز عدالتوں اور سرکاری محکموں کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ پنشن ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ صرف پنشنرز کے کوائف کی تصدیق کرنا چاہ رہے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ پچاسی سالہ بزرگ پنشرز کو پانچ فروری تک پنشن کے بقایا جات ادا کئے جائیں۔ کوائف کی تصدیق کیلئے محکمہ خزانہ اور اکائونٹنٹ جنرل آفس میں خصوصی سیل قائم کئے جائیں تاکہ بزرگ پنشنرز کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔