• news

تاریخی عمارتوں کا تحفظ حکومتی ذمہ داری ہے: ہائیکورٹ، گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کی مسماری روک دی

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے تا حکم ثانی گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کی مسماری روکتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ تاریخی عمارتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے گوجرانوالہ سٹیزن فورم کے رہنما ایس اے حمید ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کو مسمار کرنے جا رہی ہے اور وہاں کمرشل پلازے بنوانا چاہتی ہے۔ گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن 1881 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ ریلوے سٹیشن تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کی مسماری غیرقانونی اقدام ہے۔ ممکنہ مسماری روکنے کا حکم دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ عمارت ڈیڑھ سو سالہ پرانی ضرور ہے لیکن اسے تاریخی یا ثقافتی عمارت کا درجہ حاصل نہیں ہے۔ عدالت نے ریلوے اور پنجاب حکومت سے تین ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق یونیسف نے امریکہ، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی درخواست پر سٹیشن کو بلڈوز کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور سٹیشن بچانے کا مطالبہ کیا اور ایک مراسلہ کے ذریعے حکومت پاکستان کو اس تاریخی ریلوے سٹیشن کو بلڈوز کرنے پر فیصلہ واپس کرنے پر زور دیا ہے۔ اور یو این او کی ہسٹاریکل اتھارٹی کو ایکشن لینے کی اپیل کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن