• news

بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی جائے غفلت برداشت نہیں :نواز شریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی مضبوط سٹریٹجک شراکت داری، پائیدار معاشی شراکت داری میں تبدیل ہوگئی ہے، چین نے پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، معاشی بحالی کے عمل میں چینی قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ وہ پاکستان چین مشترکہ تعاون کمیٹی کے سی پیک کے بارے میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکام کو منصوبوں کے معاشی پہلوئوں سے آگاہ کیا جائے، کراچی سرکلر ریلوے کیٹی بندر منصوبے کو آئندہ مشترکہ اجلاس میں شامل کیا جائے۔ احسن اقبال صنعتی زونز کے مقامات کی نشاندہی کیلئے وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کریں، صنعتی زونز ایسے مقامات پر قائم کیے جائیں جہاں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔ وزیر منصوبہ بندی مقامات کی افادیت سے چینی حکام کو آگاہ کریں۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ چین نے پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، چین پاکستان کی مضبوط سٹریٹجک شراکت داری، پائیدار معاشی شراکت داری میں تبدیل ہوگئی ہے، معاشی بحالی کے عمل میں چینی قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ اجلاس میں توانائی، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، چین پاکستان مشترکہ تعاون کمیٹی کے آئندہ اجلاس کے مجوزہ ایجنڈے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو سی پیک کے تحت ٹرانسمیشن لائن منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ریل، سڑک، ہوا بازی اور فائبر لنک کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے توانائی کے شعبے سے متعلق حکام کو ہدایت کی کہ لوڈ شیڈنگ کا 2018ء تک مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے 2022 تک 30ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے، بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے خود نگرانی کر رہا ہوں، کوئی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ماضی کی حکومتوں کا پچھلے پندرہ سال بجلی کی پیداوار پر توجہ نہ دینا افسوسناک، معاشی ترقی کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہوگا۔ حکومت نہ صرف لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے کوششیں کررہی ہے بلکہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔2018 میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا اور اس کے بعد بجلی کی پیداوار بڑھانے کا پروگرام جاری رہے گا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ آصف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت اہم حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ملک میں جاری بجلی کے مختلف منصوبوں کی پیداواری صلاحیت اور ان کی تکمیل کی مقررہ مدت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس کو بتایا گیا کہ مارچ 2018 تک تقریبا دس ہزار نو سو چھیانوے میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی جبکہ سال 2017-18 کے دوران بجلی کی طلب اور رسد میں فرق سات سے آٹھ ہزار میگاواٹ رہنے کی توقع ہے۔ اجلا س کو یہ بتایا گیا کہ ملک کے تمام حصوں میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے۔طارق فاطمی نے وزیراعظم کو اپنے دورہ امریکہ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ریل، سڑک، ہوا بازی، توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ چینی حکام کو منصوبوں کے معاشی پہلوئوں سے آگاہ کیا جائے وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کہ احسن اقبال صنعتی زونز کے مقامات کے تعین کیلئے وزرات اعلی سے مشاورت کریں۔ چین نے پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ معاشی بحالی میں چینی قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے ان منصوبوں کی تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے وائس منسٹر نے ملاقات کی ان سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست ہمسائے اور شراکت دار ہیں توقع ہے کہ ژینگ ژیائو سانگ کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنائے گا اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے ہم آہنگ خیالات کا عکاس ہے اقتصادی راہداری نے دوستی کو اقتصادی شراکت داری میںبدل دیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک پر کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں چینی ورکرز کی سکیورٹی کے لیے سپیشل سیکورٹی ڈویژن تشکیل دیا گیا ہے سپیشل سکیورٹی ڈویژن 15ہزار فوجی و سول اہلکاروں پر مشتمل ہے وزیراعظم نے بڑھتی دوطرفہ تجارت میں آزاد تجارت کے معاہدے کے فوائد نمایاں ہیں دو طرفہ تجارت رواں سال 18ارب ڈالر کی سطح عبور کر گئی ہے پاکستان دہشتگردی کی ہر قسم اور نظریے کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں دہشتگردی کے خلاف جنگ کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے ژینگ ژیائو سانگ نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف چین میں مقبول ہیں موجودہ حکومت میں دونوں ملکوں کی دوستی نئی بلندیوں تک پہنچی ہے سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار سے مطمئن ہیں پنجاب میں بھی سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار مثالی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں موثر کردار کی وجہ سے دہشت گردی کا نیٹ ورک تباہ ہوا ، فضائیہ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کی ملکی سرحدوں کے دفاع کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ اْمور پر غورکیاگیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف آج دو روزہ دورے پر بوسنیا ہرزیگوینا روانہ ہوں گے، وزیراعظم بوسنیا کا دورہ بوسنیا کے چئیرمین برائے کونسل آف منسٹرز کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ بوسنیا ہرزیگوینا کے چئیرمین برائے کونسل آف منسٹرز بوسنیائی وزیراعظم ڈینس زویدوک ہیں۔ وزیراعظم کے ساتھ ایک اعلی سطح کا وفد بھی بوسنیا جائے گا۔ وزیراعظم بوسنیائی وزیراعظم اور چئیرمین برائے کونسل آف منسٹرز کے علاوہ بوسنیائی ایوان صدر کے اراکین، راہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم بوسنیائی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم بوسنیا کے رئیس العلما حسین ایف کاوازووک سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورہ بوسنیا میں وزیراعظم ایک بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم، دو روزہ دورے میں بوسنیا کے چیمبر برائے بیرونی تجارت اور فارن انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کے ارکان سے بھی ملیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن