گورنر سندھ سے کور کمانڈر کراچی وزیراعلیٰ کیساتھ ڈی جی رینجرز کی ملاقاتیں
کراچی (سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ نے ملاقات کی ہے جس میں صوبہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گزشتہ روز گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی سے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی جس میں سندھ کی مجموعی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے امور زیر بحث آئے جن پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گورنر سندھ جسٹس(ر) سعید الزمان صدیقی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے اور امن کی مکمل بحالی تک آپریشن جاری رہیگا ۔ مزید براں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ڈی جی رینجرز لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے الوداعی ملاقات کی،ملاقات میں نئے تعینات ڈی جی رینجرز جنرل محمد سعید بھی موجود تھے۔ پیر کو ڈی جی رینجرز لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں نئے تعینات ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔