ڈگریاں نہ ملنے پر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ کا احتجاج، دھرنا، ٹریفک جام
لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) بہائوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلبہ اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکون پر آگئے اور ڈگریان نہ ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر کینال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ طلباء و طالبات نے احتجاج شروع کیا تو پولیس نے کیمپس کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے ساتھ طویل مذاکرات اور دھکم پیل کے بعد طلباء و طالبات سڑک پر آنے میں کامیاب ہوگئے۔ طلبا نے دھرنا دے کر کینال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا جس کے باعث مغلپورہ، دھرم پورہ، مال روڈ، جیل روڈ، مسلم ٹاؤن موڑ انڈر پاسز کے نیچے اور اوپر گاڑیوں کی لمی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ فزیو تھراپی اور انجینئرنگ کے طلباء کی ڈگریوں کو تسلیم نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے ان کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم کئے جانے تک احتجاج ترک نہیں کریں گے۔ علاوہ ازیں مختلف تنظیموں کے مظاہروں، ریلیوں، دھرنے اور احتجاج کی وجہ سے لاہور کی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ گزشتہ روز ڈیوس روڈ پر محکمہ ہیلتھ ضلع چنیوٹ کے ملازمین جبکہ رائیونڈ روڈ پر سپئیرئیر کالج کے طلبہ کے دھرنے کی وجہ سے ٹریفک بلاک رہی۔ جس سے شہر میں ٹریفک کا بدترین جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ جبکہ ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی اور عدم توجہی کی وجہ سے شہر میں سارا دن ٹریفک کا بدترین جام رہنے لگا۔ گزشتہ روز 3 مقامات پر احتجاج اور دھرنے کے باعث سارا دن ٹریفک بلاک رہی اور ان راستون پر گاڑیون کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ اس صورتحال پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔