• news

2بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت چھپانے کیلئے کنٹرول لائن پر دہشت گردی کر رہا ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت چھپانے کیلئے کنٹرول لائن پر دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے جبکہ ہزاروں کشمیری خاندان بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان میں ہونے والی تخریب کاری کی وارداتوں میں بھارت سرکار اور اسکی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ کل 21 دسمبر کو ریلوے ہاکی گرائونڈ کوئٹہ میں تاریخی دفاع اسلام کانفرنس ہوگی۔ سندھ اسمبلی کے متنازعہ بل کی واپسی تک اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کوئٹہ ائیر پورٹ پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر، میانمار و شام میں مسلمانوں کا بہتا لہو مغرب اور اقوام متحدہ کا مسئلہ نہیں، اس لئے شرمناک خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متنازعہ بل میں ترمیم کیلئے وقت مقرر کریں۔کل ہونے والے دفاع اسلام کارواں میں دینی و سیاسی قیادت کے ہمراہ مشترکہ لائحہ عمل پیش کریں گے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم چھپانے کے لیے بھمبر سے نیلم تک ہزاروں خاندانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ برما میں انسانوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے، شام کے حالات بین الاقوامی سازش ہے۔ امریکہ نے داعش بنائی ہی اسی لئے تھی کہ وہ جو کام نہ کرسکے وہ داعش کے ذریعے کیا جائے۔ بین الاقوامی فوجیں منظم منصوبے کے تحت شامی مسلمانوں کا خون بہا رہی ہیں۔ ملک کے تمام صوبے پاکستان کے وجود کا حصہ ہیں لہٰذا یہاں سیاست بھی پاکستان کی ہونی چاہیے۔ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں علاقیت اور شخصیت پرستی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاکستانیوں کو ایک قوم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں، اسی مقصد کیلئے جماعۃ الدعوۃ ملک بھر میں تحریک چلا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن