سمندرپار پاکستانیوں کو آن لائن ووٹنگ کی سہولت دینے کی منظوری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذیلی کمیٹی نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کی سہولت دینے کی منظوری دی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نادرا کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو آن لائن ووٹنگ کی سہولت دینے کی تجویز ہے۔ نائیکوپ اور پاسپورٹ ہولڈرز پہلے الیکشن کمشن میں رجسٹریشن کروائیں گے۔ الیکشن کمشن نائیکوپ اور پاسپورٹ ہولڈرز کو خفیہ کوڈ جاری کرے گا۔ اوورسیز ووٹرز خفیہ کوڈ کے ذریعے آن لائن اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ اسی لاکھ نائیکوپ اور پاسپورٹ ہولڈرز کو ووٹنگ کی سہولت دی جائیگی۔ تجویز کی حتمی منظوری کیلئے آج معاملہ مرکزی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں انوشہ رحمان، شازیہ مری، صاحبزادہ طارق اللہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔