بے نظیر قتل کیس، مشرف کو طلب کرنیکی درخواست سماعت کیلئے منظور
راولپنڈی (صباح نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت دو جنوری تک ملتوی کر دی۔ پرویز مشرف کو طلب کرنے کی درخواست پر سابق صدر کے وکیل کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ خصوصی عدالت کے جج رائے ایوب مارتھ نے سماعت کی۔ پراسیکیوٹر نے پرویز مشرف کو عدالت طلب کر کے بیان ریکارڈ کرانے کی متفرق درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ مشرف کیس میں نامزد ملزم ہیں۔ بیان قلمبند کرنے کیلئے سمن جاری کر کے پرویز مشرف کو عدالت طلب کیا جائے۔ آئندہ تاریخ پر وکیل صفائی اور پراسیکیوٹر درخواست پر دلائل دیں گے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت مشرف کو طلب کرنے یا تحریری بیان جمع کرانے کا فیصلہ کرے گی۔