ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع‘ منکیرہ میں ٹیم پر حملہ‘ لیڈی ہیلتھ ورکر پر تشدد لاہور میں ڈی سی او کیپٹن(ر) عثمان نے قطرے پلائے
لاہور+منکیرہ+اسلام آباد (خبرنگار+نامہ نگار +نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں پیر کو انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ 84لاکھ‘ کراچی میں 15لاکھ‘ بلوچستان میں 25لاکھ جبکہ گلگت بلتستان میں 2لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے سلسلے میں ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ منکیرہ میں 4افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا اور لیڈی ہیلتھ ورکر کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ضروری کاغذات پھاڑ ڈالے اور پولیو ویکسین ضائع کردی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ انسداد پولیو مہم کے دوران کراچی میں 15لاکھ‘ پنجاب میں ایک کروڑ 84لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے‘ ہدف کے حصول کیلئے 44ہزار 654 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بلوچستان میں 25لاکھ‘ گلگت بلتستان میں 2لاکھ‘ فاٹا میں 10لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔منکیرہ سے نامہ نگار کے مطابق منکیرہ کا نواحی علاقہ چک نمبر4میں گزشتہ روز 4ملزمان محمد یعقوب وغیرہ نے شہر ی پر حملہ کردیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکر شازیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ حملہ آوروں نے ضروری کاغذات پھاڑ دیئے اور ویکسین بھی ضائع کردی۔ بعدازاں شازیہ نے محکمہ کے توسط سے تھانہ منکیرہ میں ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ لاہو ر سے خبرنگار کے مطابق ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمدعثمان نے ریواز گارڈن میں بچوں کو قطرے پلا کر شہر میں 3روزہ پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے گھر گھر جاکر 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افسران انکے ہمراہ تھے۔ ڈی سی او لاہور نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 19دسمبر سے 21دسمبر تک جاری رہے گی۔ کیپٹن(ر) محمدعثمان نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔