• news

ایسٹ انڈیا کمپنی ایجنٹوں کی حکومت سے نجات کیلئے 47 جیسی تحریک چلانی ہو گی: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے ایجنٹو ں کی حکومت ہے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے مسلمانوں کی مخبری کرکے انگریز سے جاگیریں لیں اور آزادی کے بعد دولت کی بنیاد پر ملکی اقتدار پر قابض ہوگئے، انگریز کے غلاموں اور عالمی استعمار کے آلہ کاروں سے آزادی کیلئے قوم کو تحریک پاکستان کی طرز پر ایک بڑی تحریک چلانا ہوگی۔ کچھ لوگ کرپشن کی بجائے حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ عوام حکمران خاندان کے ساتھ ساتھ کرپشن میں ملوث کسی لٹیرے کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے۔ منصورہ میں مرکزی پارلیمانی مشاورتی کونسل کے اجلاس اور مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکمران ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے نام پر قومی سرمائے سے اپنی انتخابی مہم چلارہے ہیں اور روزانہ کروڑوں روپے کے اشتہارات دیئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن کا خاتمہ اور چوروں کا احتساب چاہتے ہیں ۔حکمران اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ وہ پانامہ کو گرد و غبار میں اڑا دیں گے اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہوگا ،پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے جسے وہ نگل نہیں سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت اور احتساب کا کوئی نظام نہیں ،اگر سیاسی جماعتیں انتخابی دنگل میں اتارنے سے پہلے اپنے امیدواروں کی چھان پھٹک کرلیں تو ڈاکوئوں کے گروہ اقتدار کے ایوانوں میں نظر نہ آئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی مہم میں ہر سیاسی پارٹی اور امیدوار کے انتخابی اخراجات کی حد بندی کی جائے تاکہ الیکشن پیسے کاکھیل نہ رہے اور پاکستان کے ہر شہری کے لیے الیکشن میں حصہ لینا ممکن بنایاجاسکے۔ دریں اثنا سراج الحق نے شام کے شہر حلب میں ہونے والے قتل عام پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 40لاکھ کی آبادی کے تاریخی شہر کو کھنڈر بنا دیا گیا، اس صورتحال پر عالم اسلام اور اقوام متحدہ کی خاموشی انتہائی تشویشناک عالم اسلام کو امت کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کی پارلیمانی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیکر کہا گیا ہے کہ حکومت کے بلند و بالا دعووں کے برعکس پاکستانی عوام بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، کرپشن بے انصافی کر چکی میں پس رہی ہے عوام کوتعلیم اور علاج جیسے بنیادی حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ایک ایک بستر پر تین تین مریض پڑے ہیں ملک کی 70 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں اور 40 فیصد آبادی غربت سے نیچے زندگی گزاری رہی ہے جبکہ ملک و قوم کے ان گھمبیر مسائل سے بے پروا اپنے لئے محل تعمیر کر رہے ہیں پانامہ لیکس ہماری قومی تاریخ میں ایک بدنما داغ ہے اور حکومت اس میگا کرپشن کا حساب کرنے کے بجائے خود مکروہ فریب بہانہ بازیوں کے ہتھکنڈوں کو استعمال کرکے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے الیکشن 2013ء کے بعد ملک کی سای پارٹیوں نے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ 2018ء کے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے موجودہ انتخابی نظام کسی طور بھی آئین کے تقاضے پورے نہیں کرتا جس کی وجہ سے موجودہ انتخابی نظام اور عوام رائے دہی میں آزاد نہیں ہیں پاکستان میں الیکشن پیسے کا کھیل بن گیا ہے جس میں دولت مند اشرافیہ نے دھونس اور دھاندلی کے ذریعے عوام کی رائے کو یرغمال بنا رکھا ہے انتخابی مہم میں ہر سیاسی پارٹی اور امیدوار کے انتخابی اخراجات کی حد بندی کی جائے تاکہ الیکشن پیسے کا کھیل نہ رہے اور پاکستان کے ہر شہری کیلئے الیکشن میں حصہ لینا ممکن بنایا جائے پارلیمانی کمیٹی میں جماعت اسلامی کی پیشکردہ تجویز کے مطابق متناسب نمائندگی کا نظام اپنا کر الیکشن میں دولت کی ریل پیل کا اثر روکا جا سکتا ہے اجلاس مطالبہ کیا گیا کہ خیبر پی کے میں آئی ڈی پیز کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے آئی ڈی پیز نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر پاکستان کو محفوظ بنایا لیکن حکومت انہیں بھول کر اپنی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کر رہی ہے نادرا خیبر پی کے اور کراچی کے شہریوں کے شناختی کارڈز کی بلاجواز منسوخی کے فیصلے کو واپس لے اور عام شہریوں اور تاجروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی کے منظور کردہ غیر آئینی اور غیر شرعی بل کی مذمت بھی کی گئی اور کہا گیا کہ قانون ساز کی پاکستان کے دستور اور قرار داد مقاصد کے تابع ہونی چاہئے۔ سندھ اسمبلی فوری طور پر اس قانون کو واپس لے اور آئندہ ایسی کسی قانون سازی سے پہلے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن