پی سی او عدلیہ پر شب خون تھا یقینی جائے ایسے واقعات پھر نہ ہوں :چیف جسٹس
میرپور خاص (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ ماضی میں عدلیہ پر پی سی او کی شکل میں شب خون مارا گیا۔ پی سی او کے عدلیہ کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ میرپور خاص بار سے الوداعی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ زیر التوا کیسز پر سوشل میڈیا، ٹاک شوز پر بات کرنا افسوسناک ہے۔ لوگ مالی مفادات کیلئے سوشل میڈیا پر عدالتی نظام کیخلاف سازشیں کرتے ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں ٹی وی چینلز پر بے معنی مباحثے ہورہے ہیں۔ امید ہے زرد صحافت میں ملوث لوگ اپنے رویئے پر نظرثانی کریں گے۔ حکومت عدلیہ کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کررہی ہے، ججز کی تقرری میں قابلیت کو معیار بنایا جائے۔ بہت جلد ملک میں خدمت سے سرشار عدالتی نظام وجود میں آئیگا۔ زیر التوا مقدمات کی تعداد حکومتی اداروں کی نااہلی، اقربا پروری، بے حسی ہے۔ آیئے عہد کریں اس ملک کو جنت بنانے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وکالت پیسہ کمانے کیلئے نہیں، یہ انسان دوست پیشہ ہے۔ جائز تنقید کسی بھی ادارے کیلئے مفید ہوتی ہے۔ بے جا تنقید منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔