مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی مظاہرین پر شیلنگ، لاٹھی چارج، متعدد زخمی، جھڑپ میں 2 مجاہدین شہید کرنے کا دعویٰ
سرینگر (اے این این+این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہاد ت کے بعد مسلسل165 ویں روز بھی حالات معمول پر نہ آسکے ٗ کرفیو میں مزید سختی کردی گئی ٗ بھارتی فورسز نے حریت کانفرنس کی احتجاجی کال پر قدغن لگاتے ہوئے سری نگر کے داخلی و خارجی راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کردیا ٗ لوگ گھروں میں محصور ٗ پٹن اور سوپور میں پرامن مظاہرین پر ایک بار پھر شیلنگ اور لاٹھی چارجٗ متعدد کشمیری زخمی ٗ پائین شہر اور بانڈی پورہ میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے بھارتی فوج پر پتھرائو ٗ 5 اہلکار زخمی ہوگئے ٗ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور معطل ٗ بارہمولہ میں بھارتی فوج کا جھڑپ کے دوران دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ ٗ مجاہدین کی فائرنگ سے 4 اہلکار زخمی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مجاہد کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد حالات جوں کے توں ہیں۔وادی کے اکثر علاقے کرفیو کے زیرعتاب ہیں۔ بھارتی فورسز نے حریت کانفرنس کی احتجاجی کال پر قدغن لگاتے ہوئے سری نگر کے داخلی و خارجی راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کردیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ۔ پٹن اور سوپور میں بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر پرامن مظاہرین کو نشانہ بنایا شیلنگ ٗ لاٹھی چارج اور پیلٹ گن کے استعمال سے ایک درجن سے زائد کشمیری زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں پائین شہر اور بانڈی پورہ میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے بھارتی فوج پر پتھرائو شروع کردیا گیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ دوسری جانب وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور معطل ہے۔ ادھر مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے لیڈروں اور کارکنوں کو تحاصیل سطح پر دھرنا دینے کی کال کے پیش نظر سرینگر میں عوامی ایکشن کمیٹی،تحریک حریت اور لبریشن فرنٹ کارکنوں نے دھرنا دیا تاہم وادی کے دیگر علاقوں میں دھرنے نہیں دیئے گئے۔قابض انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے علاقے پانپور میں بھارتی فوج پر حالیہ حملے کے بعد قصبے اور اسکے مضافاتی علاقوں میں سکیورٹی مزیدسخت کردی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے علاقے میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ سرینگر جموں شاہراہ کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور شاہراہ پر بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ تحریک حریت جموںوکشمیر نے جیلوں میں نظربند ہزاروں کشمیریوںکی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائیگا۔