• news

ایشیئن کرکٹ کونسل کا آئندہ اجلاس پاکستان میں کرانے کی تجویز

لاہور(حافظ محمدعمران/نمائندہ سپورٹس) ایشین کرکٹ کونسل کا آئندہ اجلاس پاکستان میں کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں اے سی سی کے اجلاس میں پاکستان کیطرف سے ممبران کے سامنے مارچ کے آخری یا اپریل کے پہلے ہفتے میں اجلاس کا انعقاد پاکستان میں کروایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اجلاس کی میزبانی کیلیے تیار ہے۔ یہ تجویز پی سی بی کے چئیرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر شہریار خان کی طرف سے پیش کی گئی ہے۔ ایشن کرکٹ کونسل میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا،افغانستان، ملائشیا، سنگاپور، بھوٹان،نیپال، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، سعودی عرب اور کویت شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔پاکستان میں آئندہ برس کے تیسرے ماہ کے آخری دنوں یا پھر اپریل میں ہونیوالے اس اجلاس کے انعقاد کو ممکن بنانے کیلیے شہریار خان ممبران کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اجلاس کے پاکستان میں انعقاد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں بھی پیشرفت ہو سکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کی کوششوں میں بھی مصروف ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارتی بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر سے بھی مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ شہریار خان نے انہیں بھی اے سی سی کے دوسرے اجلاس کے پاکستان میں انعقاد پر شرکت کی دعوت دی ہے۔ دونوں سربراہان بورڈ کے مابین پاکستان اور بھارت کے سیاسی و سفارتی تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن