• news

سیاسی لیڈر کالے دھن والوں کی حمایت کر کے ملک کو کرپشن کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں: مودی

نئی دہلی(کے پی آئی ) رشوت خوری سے پاک ملک قائم کرنے کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ میں حیران ہوں کہ کئی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کالا دھن رکھنے والوں کی حمایت کر کے ملک کو رشوت خوری ، بے ایمانی ، بے ضابطگیوں کے دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ کشمیر کے حالات میں بہتری آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریاست کے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو کر رہے گا۔ بی جے پی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا ایک ماہ کے دوران ملک کی پارلیمنٹ کو صرف اس وجہ سے چلنے نہیں دیا گیا کہ کہیں حکومت ان چہروں کو بے نقاب نہ کر دے جنہوں نے اس ملک کے عوام کو رشوت خوری ، بے ایمانی اور بے ضابطگیوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جان بوجھ کر پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کی کارروائیوں میں رخنہ ڈالا گیا اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حزب اقتدار بحث کرنا چاہتی ہے اور حزب اختلاف شور شرابہ کر کے کارروائی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کمشن کی بنیادوں پر لوگوں کو قطاروں میں کھڑا کیا جا تا ہے ،نوٹ بندی کے اعلان کے بعد کیا کیا نہیں ہوا یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ،کالا دھن رکھنے والوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں اور آنے والے دنوں کے دوران مزید سخت اقدامات اٹھا نے سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں حیران اس بات پر ہوں کہ سیاسی پارٹیوں کے لیڈران ملک کے عوام کو رشوت خوری ،کرپشن ، بے ایمانی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں ،کالے دھن کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نوٹ بندی کے اعلان کے بعد ریاست جموں و کشمیر میں بھی حالات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں اور میں ریاست کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں مرکزی حکومت کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور امن کیلئے ہر ایک اقدام اٹھا نے کیلئے تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن