• news

آئندہ ہلڑ بازی پر سپیکر کو تحریک انصاف کیخلاف سختی کی تجویز کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے انعقاد میں رکاوٹ ڈالنے اور ہلڑ بازی کرنے پر تحریک انصاف کے ارکان کو ’’ڈسپلن‘‘ میں رکھنے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تجویز پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی کے 38ویں سیشن کی تمام نشستوں میں ہنگامہ آرائی کرکے تحریک انصاف نے سپیکر کے لئے اجلاس چلانا مشکل بنا دیا۔ سپیکر نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر تحریک انصاف کے ساتھ نرم رویہ اختیار کررکھا ہے۔ انہیں سپیکر تسلیم نہ کرنے کے باوجود شاہ محمود قریشی کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ سپیکر نے مسلسل 40 روز غیر حاضری پر تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت ختم نہیںکی۔ اب بھی سپیکر کوئی انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کررہے ہیں۔ تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے سپیکر کو باور کرایا جارہا ہے کہ نرم رویہ اختیار کرنے سے تحریک انصاف کے ارکان کے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت بھی تحریک انصاف کے طرز عمل سے عاجز آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر حکم عدولی کرنے والے ارکان کی سیشن کے لئے رکنیت معطل اور ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہنگامہ آرائی کرنے والے ارکان کی تنخواہ بند کی جاسکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن