• news

صوبائی محتسب نے چار ماہ میں 5 ہزار درخواستوں کی سماعت کرکے فیصلے کئے

لاہور( شہزادہ خالد) صوبائی محتسب نے چار ماہ کے دوران 5 ہزار سے زائد درخواستوں کی سماعت کر کے فیصلے کئے۔ 2016 ء میں کل 12 ہزار ایک سو بیس مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔ صوبائی محتسب نجم سعید نے چار ماہ قبل اپنے عہدے کا چارج سنبھالا اور چار ماہ کے دوران 5112 درخواستوں کو نمٹایا اس کے باوجود 3500 کے قریب درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ صوبائی محتسب نجم سعید نے بتایا کہ وہ تحصیل کی سطح پر شہریوں کو حقوق کے لئے محتسب سے رجوع کرنے کی آگاہی مہم شروع کر رہے ہیں۔ صوبائی محتسب اور وفاقی محتسب کو 45دن کے اندر بغیر کسی وکیل اور فیس کے سائل کو انصاف مہیا کرنا چاہیئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے محتسب کو 60دن میں انصاف کی فراہمی کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ رواں برس وفاقی محتسب میںسب سے زیادہ واپڈا ، سوئی گیس ، نادرا ، ریلویز کے اداروں اور صوبائی محتسب میں پولیس محکمہ مال ، ایجوکیشن اور محکمہ صحت کے خلاف شکایات وصول ہوئیں۔ بیرون ملک مقیم 81لاکھ پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ملک کے آٹھ بڑے ہوائی اڈوں بشمول اسلام آباد، کراچی ، لاہور،کوئٹہ ، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ میں ون ونڈو ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وفاقی محتسب نے 2015ء میں 74ہزار شکایات کا ازالہ کیا ، سال 2016ء میں 77ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا ، تین برسوں میں مجموعی طورپر 2لاکھ 27ہزار شکایات کی سماعت کی گئی ، وفاقی محتسب کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ تمام اضلاع کی سطح پر نمائندے 45دن کی بجائے صرف 15دن میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں۔ صوبائی محتسب پنجاب نے ڈیڑھ برس کے دوران مختلف سرکاری اداروں کے خلاف دائر کی گئی 27622 عوامی شکایات کے فیصلے کئے ۔ 2014 ء میں صوبائی محتسب کو عوام کی جانب سے21899 شکایات موصول ہوئی تھیں جبکہ پہلے سے زیرالتوا شکایات کی تعداد9776 تھی ۔ صوبائی محتسب نے 2015 ء میں 31675 شکایات پر کارروائی کی جبکہ ان میں سے 26622 کا فیصلہ کیا گیا ۔ محتسب پنجاب نے قومی و مقامی اخبارات اورالیکٹرانک میڈیا کی 11505 خبروں اورمیڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا۔محتسب کو سب سے زیادہ شکایات محکمہ پولیس کے خلاف درج کروائی گئیں جبکہ محکمہ تعلیم دوسرے ، محکمہ مال تیسرے ، لوکل گورنمنٹ چوتھے اورمحکمہ صحت شکایات کے اعتبار سے پانچویں نمبر پر رہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن