بھارت نے ظلم کی انتہا کردی، مسئلہ کشمیر ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے: طارق فاطمی
اسلام آباد (صباح نیوز + آئی این پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت اور ریاستی دہشتگردی کی انتہا کر دی ہے مگر عالمی برادری اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عالمی برادری کی خاموشی معنی خیز ہے، عالمی برادری کو بھارتی ظلم کو نوٹس لیتے ہوئے بھارت پر اپنا اخلاقی دبائو بڑھانا ہو گا، دنیا مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کر رہے ہیں، ہر لیڈر کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہیں جس پر وہ تشویش کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ طارق فاطمی نے کہا کہ بطور پاکستانی کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنا میرا فرض ہے، میں نے اپنی ہر ملاقات میں بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ناقابل یقین حد تک ظلم شروع کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کشمیریوں کے ساتھ حق خود ارادیت کے وعدے کو پورا کرے مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بڑی عالمی طاقتیں ہمیشہ اپنے مفاد کو مدنظر رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ کے نئے منتخب سیکرٹری جنرل سے ملاقات کر کے انہیں آگاہ کیا کہ پاکستان باضابطہ طور پر آپ کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا بھارت جاکر کانفرنس میں شرکت کرنا درست فیصلہ تھا باوجود اس کے کہ ان کے ساتھ بڑا گھٹیا سلوک کیا گیا۔ افغانستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں افغان مسائل کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا غلط ہے۔