• news

سوات میں امن کیلئے فوج ، عوام اور صحافیوں نے بیش بہا قربانیاں دیں: میجر جنرل آصف غفور

سوات (نامہ نگار) جی او سی ملاکنڈ میجر جنرل آصف غفور نے سوات پریس کلب کا الوداعی دورہ کرتے ہوئے قیام امن کیلئے سوات کے صحافیوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا، جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے منگل کے روز سوات پریس کلب کا الوداعی دورہ کیا اس موقع پر سوات کے صحافیوں نے ان کا پر تپاک استقبال کیا، بریگیڈ کمانڈر مینگورہ بریگیڈئر ظفر اقبال اور بریگیڈئر اقبال خان سمیت دیگر فوجی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، اپنے مختصر خطاب میں جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ سوات میں پاک فوج ، عوام اور صحافیوں نے قیام امن کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور اب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس امن کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی سوات کے عوام اور صحافیوں سے میرا رابطہ رہے گا، وہ سوات سے یادگار لمحات لیکر جارہے ہیں، مجھے امید ہے آئندہ بھی سوات کے صحافی ایک ٹیم بن کر سوات اور ملک کے لئے مشترکہ کام کریں گے ، دریں اثنا جی او سی ملاکنڈ نے بے سہارا بچوں کے ادارہ خپل کور ماڈل اسکول مینگورہ کا بھی دورہ کیا اور اسکول کے ایم ڈی محمد علی کو اعلان کردہ 2ہائیس ( فلائنگ کوچ )گاڑیوں کی چابیاں حوالے کردیں ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خپل کور ماڈل سکول کے بچوں کے ساتھ ان کا رابطہ برقرار رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن