• news

طالبان کے دوبارہ منظم ہونے کا الزام مسترد، آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گرد افغانستان منتقل ہو گئے: پاکستان

نیویارک(اے این این) پاکستان نے اپنی سرزمین پرطالبان کے دوبارہ منظم ہونے کے بارے میں افغانستان کے الزام کوسختی سے مسترد کرتے ہوئے ہمسایہ ملک کو باورکرایاگیاہے کہ پاک فوج کے کامیاب آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گردوں کے ٹھکانے سرحدپارمنتقل ہوچکے ہیں جبکہ افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافے کے اسباب خارجی نہیں بلکہ داخلی ہیں ،افغان مفاہمتی عمل کے نتائج برآمدنہ ہونے کاذمہ دار کسی دوسرے کونہیں ٹھہرایاجاسکتا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے عالمی ادارے کیلئے پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب نبیل منیر نے کہاافغانستان کایہ الزا م مکمل طورپربے بنیادہے کہ طالبان موسم سرما کے دوران پاکستان میں دوبارہ منظم ہورہے ہیں۔انہوں نے واضح کیاکامیاب آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گردوں کے ٹھکانے افغانستان منتقل ہوگئے ہیں اوراس آپریشن کے نتائج کا عالمی برادری نے برملا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافے کے اسباب خارجی نہیں بلکہ ملک کے اندر ہی موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے شورش زدہ علاقوں میں بڑی تعداد میں دہشت گرد گروپوں و تنظیموں کی موجودگی نہ صرف افغانستان بلکہ ہمسایہ ملکوں کے دیر پا استحکام کے لئے مسلسل چیلنج ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے پورے ڈھانچے کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں امن و مفاہمت کے عمل کے نتائج ابھی تک برآمد نہیں ہوئے لیکن اس کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔نبیل منیر نے کہاکہ پاکستان لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے اور ان کی باوقار واپسی کیلئے پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن