• news

بھارت چاہے تو دشمنی چھوڑ کر سی پیک سے فائدہ اٹھا سکتا ہے: کمانڈر سدرن کمان

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی دشمن پاکستان اور بلوچستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتا جو لوگ پیسے لیکر بلوچستان توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ سمجھ جائیں کہ اب ایسا ممکن نہیں ہے وہ انکا انجام دیکھ لیں جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچا نے کی کوشش کی بلوچستان کی عوام اب کسی کے بہکا وے میں نہیں آئیگی ، سی پیک بلوچستان اور پاکستان سمیت پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ ثابت ہوگا۔ بھارت اگر چاہئے تو وہ دشمنی چھوڑ کر اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، پا کستان اسلامی فلا حی ریا ست بنے گا ، ایف سی بلوچستان کی امن وامان کیلئے قربانیاں قابل تحسین ہیں ۔انہوں نے یہ بات منگل کو ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں ایف سی بلوچستان کے اہلکاروںو افسروں میں ایکسیلنس ایوارڈکی تقسیم کے موقع پر خطاب میں کہی ۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ بلوچستان گزشتہ دس برس سے دہشتگردی اور ایسے لوگوں کا شکار رہاہے جو بارود اور بندوق کی نوک پر بلوچستان کی عوام پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتے تھے‘ دشمنوں نے بلوچستان کے عوام کو ڈرایا دھمکایا اور انہیں نام نہاد آزادی کا نعرہ تھما دیا۔ بلوچستان کے اندرونی و بیرونی دشمن اور وہ لوگ جو چند پیسوں کی خاطر لندن ، جینوا اور دبئی میں بیٹھ کرپاکستان کو نقصان پہنچا نے کی کو شش کر رہے ہیں وہ جان لیں ایسا ممکن نہیں ہے۔ایف سی اور بلوچستان کی عوام نے مل کر کے مشکل حالات میں بلوچستان میں امن وامان قائم کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔ فورسز بلوچستان میں کوئی عام کام نہیں کر رہی ہیں انہیں پروپیگنڈا کی فضا میں بیرونی اور اندرونی دشمن کا سامنا ہے ،بیرونی دشمن مختلف حربوں اور پیسوں کے ذریعے اندرونی دشمن کی مدد حاصل کر رہاہے ۔ سیاسی و سما جی تحریکیں اور سرگرمیاں ضرور ہونی چاہئے لیکن انہیں آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کر کیاجا سکتا ہے ۔ سی پیک کے چرچے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ہو رہے ہیں۔ سی پیک منصوبے سے بلوچستان سمیت پورے ملک میں سڑکیں بنیں گی گوادر کی بندر گاہ فعال ہوگی اور یہاں اقتصادی زون قائم ہونگے جس کے بعد عوام میں خوشحالی ہوگی بلکہ ہمسائیہ ممالک ایران ، افغانستان ، اور بھارت بھی اگر دشمنی چھوڑ دے تو اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن