پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے سر براہوں کا انتخاب آج ہو گا
لاہور(خبر نگار+نمائندگان) پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے سر براہوں کا انتخاب آج ہو گا ۔ صوبے کی واحد میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور میں مسلم لیگ ن کے کرنل (ر) مبشر جاوید اور انکے 9ساتھی بطور ڈپٹی میئر بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب کے 35اضلاع کی ضلع کونسلوں میں چیئر مین کی 35اور وائس چیئر مین کی 67سیٹوں کیلئے امیدواران میدان میں ہیں۔ چنیوٹ اور نارووال میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔11میونسپل کارپوریشنوں کی میئرز کی 11اور ڈپٹی میئر کے23عہدوں میں سے راولپنڈی، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ اور ساہیوال میں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ مری میں الیکٹوال کالج مکمل نہ ہونے کی وجہ سے صوبے میں 182میو نسپل کارپوریشنوں میں چیئر مین اور وائس چیئر مین کی 182-182 عہدے ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ ضلع ، میونسپل کارپوریشن اور 6 میونسپل کمیٹیوں میں چیئر مین، وائس چیئر مین، میئر اور ڈپٹی میئرز کی نشستوں پر آج انتخابی میدان سجے گا۔ اس انتخابی معرکہ میں مسلم لیگ ن پی ٹی آئی اور آزاد امیدواروں کے درمیان ون ٹو ون مقابلے ہوں گے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چیئر مین وائس چیئر مین کے چنائو کیلئے ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی حافظ آباد اور ایم سی سکھیکی میں ضلع کونسل میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے میاں افضل حسین تارڑ چیئر مین جبکہ رائے قمر زمان کھرل وائس چیئرمین، پی ٹی آئی کی طرف سے چودھری قیصر عباس، چدھڑ چیئر مین اور ملک محمد انور وائس چیئر مین، آزاد امیدوار جاوید قمر چیئر مین عصمت بیگم وائس چیئر مین جبکہ ایم سی حافظ آباد مسلم لیگ (ن) کی طرف سے حاجی جمشید عباس تھہیم چیئر مین، خالد محمود بٹ وائس چیئر مین اور مسلم لیگ (ن) ہی سے تعلق رکھنے والے آزاد امیدوار ملک پھول خاں چیئر مین اور شیخ محمد امجد وائس چیئر مین کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کے چیئرمین کی دوڑ میں پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور اتحاد گروپ کے الائنس سے چوہدری نعیم احمد جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے رائو فہیم السلام میدان میں ہیں ضلع کونسل ننکانہ صاحب کیلئے بھی مسلم لیگ (ن) کے ملک طاہر اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار مہر طاہر منظور گل کے درمیان ون ٹو ون کانٹے دار مقابلہ کی توقع ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع کونسل قصور کے چیئر مین کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا سکندر حیات خاں اور پی ٹی آئی کے اکبر دیدار سندھو کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دو وائس چیئر مینوں کے لئے ملک اعجاز احمد اور عزر احمد خاں امیدوار ہونگے اور پی ٹی آئی کی جانب سے مبشر حسن اور ملک احمد اختر اعوان میدان میں اتریں گے جبکہ پتوکی میونسپل کمیٹی کے چیئر مین مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عمران شاہد بٹ اور وائس چیئر مین چوہدری محمد رشید اور پی ٹی آئی کے محمد ارشد قصوری اور وایس چیئر مین کی سیٹ کیلئے نجمہ امداد امیدوار ہونگے۔شیخوپورہ نامہ نگار خصوصی کے مطابق چیئر مین ضلع کونسل کیلئے مسلم لیگ ن کے دو امیدوار سردار محمد شہزاد ڈوگر اور انجینئر رانا احمد عتیق انور کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہو گا ۔ جبکہ بلدیہ شیخوپورہ کیلئے مسلم لیگ ن کے میاں امجد لطیف اور پی ٹی آئی کے حاجی غلام نبی ورک کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔