• news

کتے نے طیارے میں چھپائی 15 کلوہیروئن کا پتہ چلایا کریڈٹ کیلئے پی آئی اے کسٹمز میں ٹھن گئی

لاہور+کراچی(خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی سے جدہ جانے والی قومی ائرلائن کی پرواز سے کروڑوں روپے مالیت کی 15 کلو ہیروئن برآمد ہونے پر کریڈٹ لینے کیلئے پی آئی اے اور کسٹمز میں ٹھن گئی، واقعہ پر انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی جبکہ پی آئی اے کے تین ملازمین کو گرفتارکرلیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی ویجیلنس ٹیم نے اینٹی نارکوٹکس اور کسٹم اہلکاروں کے ساتھ پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز پی کے 7121 کی چیکنگ کی تو جہاز کے خفیہ خانوں سے کروڑوں روپے مالیت کی 15 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔ پی آئی اے کی پرواز کو رات 2 بجے عمرہ زائرین کو لے کر جدہ کے لئے روانہ ہونا تھا لیکن جہاز سے اتنی بڑی تعداد میں ہیروئن برآمد ہونے کے بعد تمام مسافروں کو مقامی ہوٹل میں رہائش فراہم کر دی گئی اور جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی۔ طیارے تک 15کلوہیروئن کیسے پہنچی ؟ خفیہ خانوں میں کس نے چھپائی ؟ پرواز کا عملہ ملوث ہے یا کام کرنے والے دوسرے محکمہ کے افراد شامل ہیں؟ تحقیقات شروع کردی گئیں۔ کسٹم حکام نے پی آئی اے کے تین ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹوبرینڈ ہلڈن نے معاملے کی فوری تحقیقات کاحکم دیدیا اور ہدایت دی کہ طیارے سے ہیروئن کی موجودگی کے حوالے تمام ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ دریں اثناء کسٹم حکام نے دعویٰ کیا ہماری ٹیم نے ائرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرکے ہیروئن برآمد کی جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق تربیت یافتہ سراغ رساں کتے ’’ویر‘‘ نے جہاز کے پچھلے حصے میں چھپائی گئی ہیروئن کا سونگھ کر پتہ چلایا۔

ای پیپر-دی نیشن