• news

شائقین کرکٹ پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں: امجد بھٹی

لاہور ( نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں شائقین کرکٹ پاکستان ٹیم کی بہت حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ میڈیا کا رویہ بھی بہت اچھا ہے بالخصوص آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کی سٹیڈیم میں بڑی تعداد میں آمد بھی قومی کرکٹرز کے جذبوں کو متحرک رکھے ہوئے ہے۔ وہ میلبورن سے نوائے وقت کیساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کی آمد سے پاکستانی کرکٹرز کا اعتماد بلند ہوا ہے برسبین ٹیسٹ کے دوران مشکل وقت میں سٹیڈیم میں پاکستان زندہ باد کے نعروں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ امجد بھٹی کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی سلیکشن پر  تنقید نہیں کی بلکہ ایک انٹرویو میں انہوں نے دو کھلاڑیوں کی مختلف حالات میں کارکردگی کا تجزیہ کیا ہے اس میں تنقید کا عنصر شامل نہیں ہے نہ ہی یہ ہمارے لئے پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچ میں اختلافات نہیں ہیں دونوں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں شاندار کم بیک کے بعد ٹیم سے توقعات بڑھ گئی ہیں کھلاڑیوں پر بھی ذمہ داری میں اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن