پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم اتحادی ہے، تجارتی تعلقات بڑھائیں گے: امریکی سفیر
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہے کیونکہ باہمی تجارت کا فروغ دونوں ممالک کی معیشتوں اور عوام کیلئے فائدہ مند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے جو قابل تعریف ہے اور اب امریکہ سمیت دیگر ممالک کے باشندے زیادہ اعتماد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 107 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا لہٰذا اس نقصان کی تلافی کرنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ امریکہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ مصنوعات کو اپنی مارکیٹ میں آسان رسائی فراہم کرے۔