اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کے اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیدیا
اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آبادہائی کورٹ نے سی ڈی اے کے تمام اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں مہرآباد کیس کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا سی ڈی اے نے زمین لے لی لیکن رقم کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا سی ڈی اے کے پاس عام آدمی کو دینے کے لیے پیسے نہیں لیکن با اثر شخص کو ایک دن میں اڑھائی ارب کی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے سی ڈی اے کے اکاونٹس منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک سی ڈی اے ادائیگیاں نہیں کردیتا تمام پراجیکٹس کو روک دیا جائے، صرف ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ کسی پراجیکٹ کے لئے رقم جاری نہیں ہوگی۔