• news

او آئی سی کشمیریوں اور روہنگیا مسلمانوں کیلئے آواز اٹھائے: سیکرٹری اطلاعات

جدہ (امیر خان+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے اسلامی ممالک کے ماہرین پر مشتمل میڈیا ایڈوائزری بورڈ کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک کا میڈیا ایڈوائزری بورڈ مستقل بنیاد پر قائم کیا جائے۔ جدہ میں سیکرٹری اطلاعات صبا محسن نے کہاکہ اسلام مخالف اشتعال انگیز مواد کا مقابلہ کرنے کیلئے میڈیا ماہرین کی ٹیم مقرر کی جائے۔ پاکستان القدس شریف کے اسلامی تقدس کے تحفظ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔ صبا محسن نے کہا کہ او آئی سی کو کشمیری عوام اور روہنگیا کے مسلمانوں کے لئے بھی آواز اٹھانی چاہئے۔ انسانی حقوق کے چیمپئنز ممالک میں مسلمانوں سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ نائن الیون اگر اسلام کی ساکھ پر دھبہ ہے تو گوانتاناموبے اور ابو غریب جیل بھی مغربی تشخص پر ایک داغ ہے۔ اسلام فوبیا تحمل اور برداشت کی عالمی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ ممبر ممالک نے میڈیا کو جدید خطوط پر منظم کرنے پر غورکیا گیا مندوبین نے کہا کہ مغربی میڈیا اسلام دشمنی میں دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی کوشس کررہا ہے۔ ٹی وی چینل بنانے کا مشورہ دیا۔ اسلام ممالک کے وزراء اطلاعات نے مسلم دنیا کے مفادات کے تحفظ کے لیے جامع میڈیا پالیسی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات کی دو روزہ کانفرنس جدہ میں اختتام پذیر ہو گئی۔ دہشت گردی اور اسلام فوبیا کے خاتمے کے لیے میڈیا کے کردار پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کے مسئلے کا میڈیا کا کردار اہم ہے۔ رکن ممالک مسلم دنیا کو درپیش مسائل پر بات کرنے اور اس حوالے سے متعدد قراردادیں منظور کرنے کا موقع پر میسر آیا۔ اسلام فوبیا، خواتین کو بااختیار بنانے، افریقہ میں میڈیا کے پروگرام کی حمایت، بین الاقوامی میڈیا پرگنائزریشنز اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ 

ای پیپر-دی نیشن