سینٹ کمیٹی خزانہ نے بلوچستان کے حوالے سے منظور منصوبوں میں تاخیر پر احسن اقبال اور سیکرٹری کو طلب کرلیا
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ 80 فیصد پارلیمنٹرین نے الیکشن کمیشن میں جعلی اثاثے ظاہر کئے ہوئے ہیں۔ بہتر ہے کہ پارلیمنٹرینز کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مالی مدد کی جائے بے نامی کے حوالے سے قانون کرپشن کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا کمیٹی کا رواں مالی سال میں بلوچستان کے حوالے سے منظور کئے گئے منصوبوں میں تاخیر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور سیکرٹری کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے فارن کرنسی اکائونٹس ، بے نامی ٹرانزیکشن ترمیمی بل پر غور وحوض نہیں کیا جاسکا کمیٹی کااجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا اس موقع پر کمیٹی نے رواں مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے حوالے سے منظور کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ بلوچستان کے حوالے سے پانی و بجلی تعلیم اور صحت کے منصوبوں کو متعلقہ وزارتیں دیکھ رہی ہیں کمیٹی کے رکن فتح حسنی نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان کے تحت بلوچستان کے ظالبعلموں کو سکالر شپ دیتے تھے اس حوالے سے بتایا جائے جس پر ایچ ای سی کے حکام نے بتایا کہ آغاز حقوق بلوچستان کے تحت چھ سو بلوچستان کے طالبعلموں کو اسکالر شپ دیتے تھے اس میں سے 135 کو سکالر شپ دیئے جا چکے ہیں۔ کمیٹی نے بجٹ میں بلوچستان کے منظور شدہ منصوبوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزارت ترقی و منصوبہ بندی کے اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا۔